کلبرگی،یکم نومبر(ایس او نیوز؍عبدالحلیم منصور)کلبرگی شہر کے سردار ولبھ بھائی پٹیل سرکل میں کچھ دیر کے لئے کشیدگی پھیل گئی کیو ں کہ پولیس نے حیدرآباد ۔ کرناٹک علاقہ کو علاحدہ ریاست کا درجہ دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے پرچم لہرانے کی کوشش کرنے والی علاحدہ ریاست کی مجلس کے 50سے زائد کارکنوں کو گرفتار کرلیا۔پولیس نے کلیان کرناٹک پریتیک راجیہ جاگرتی سمیتی کے احتجاجیوں کو روک دیا جو علاحدہ پرچم لہرانے کی کوشش کررہے تھے ۔ گرفتار افراد کو براہم پور پولیس اسٹیشن منتقل کردیاگیا۔ ریاستی حکومت نے ضلع نظم و نسق سے خواہش کی کہ ان کارکنوں کے احتجاج کو روکے جو اس علاقہ کو علاحدہ ریاست کا درجہ دینے کا مطالبہ کررہے ہیں۔ دوسری طرف راجیواتسواکی اصل تقریب نہاروگنج علاقہ میں منعقد ہوئی ،جہاں پر ضلع کے نگران وزیر شرن پرکاش پاٹل نے قومی پرچم لہرایا۔ یکم نومبر 1956ء کو کنڑ زبان کے علاقوں کو ضم کرتے ہوئے کرناٹک ریاست قائم کی گئی تھی۔